راولپنڈی میں کھیلی جانے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا۔
قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو مؤثر ثابت ہوا۔
سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے سدیرا سمارا وکرما 48، کوشل مینڈس 34، پوون رتنائیکے 32 اور کامل مشارا 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اوپنر حسیب اللہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور 82 تک پہنچایا، جہاں فخر زمان 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم بھی 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ سلمان علی آغا 6 رنز تک محدود رہے۔
بعد ازاں، محمد رضوان اور حسین طلعت نے نہ صرف اننگز کو سنبھالا بلکہ ذمہ دارانہ شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
محمد رضوان 61 اور حسین طلعت 43 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور ٹیم نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرلیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں 6 رنز اور دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

