اسلام آباد: صدرِ مملکت نے جسٹس امین الدین خان کی بطور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت تقرری کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری وزیرِاعظم کی ایڈوائس پر دی گئی۔
جسٹس امین الدین خان وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس ہوں گے۔ وہ اس سے قبل سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا ہے جو کل چیف جسٹس ہاؤس میں ہوگا، جس میں سپریم کورٹ کے تمام ججز کو مدعو کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جسٹس امین الدین خان رواں ماہ 30 نومبر کو سپریم کورٹ سے ریٹائر ہونے والے تھے، تاہم اب آئینی عدالت کے چیف جسٹس بننے کے بعد ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع ہوگی۔
واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی جگہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی منظوری دی گئی تھی۔
ترمیم شدہ آرٹیکل 176 کے تحت موجودہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنی مدت پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہلائیں گے، جب کہ ترمیم شدہ آرٹیکل 255(2) کے مطابق مستقبل میں چیف جسٹس سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں سے سینئر ترین جج کو چیف جسٹس پاکستان مقرر کیا جائے گا۔

