سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 خوارج ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں جوان شہید

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق 16 اپریل کو کیے گئے اس آپریشن کے دوران دشمن کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی باسط صدیق نے وطن پر قربان ہوکر شہادت کا بلند رتبہ پایا۔

آپریشن کے دوران خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جن کے خاتمے سے علاقے میں امن کی بحالی کی امید مزید روشن ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ مزید خوارج کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

فوجی ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی سے مکمل پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھیں گی، اور ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔