ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں سپارکو کا سنگ میل

اسلام آباد: سپارکو نے پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے خلا باز امیدواروں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کی کامیاب تکمیل کر لی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی اسکریننگ کے بعد دو پاکستانی امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جنہوں نے چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں جامع طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیے۔

بیان میں بتایا گیا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار اب چینی آسٹروناٹس سینٹر میں خلا بازی کی تربیت حاصل کریں گے، جس کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر اور دوسرے کو نومبر میں ممکنہ خلائی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

یہ مشن چین کے خلائی اسٹیشن سے متعلق ہوگا اور پاکستان کے انسانی خلائی سفر کے پروگرام میں ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں ’’خلا باز تعاون معاہدے‘‘ پر دستخط کیے گئے تھے، جو وزیرِاعظم پاکستان کی قیادت میں طے پایا۔

اس معاہدے کے تحت چین نے اپنے خلا باز پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کیا، جسے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شمولیت کو ممکن بنانے اور سائنسی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم سنگِ میل ہے۔