اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ: کسی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کو سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے متوقع لانگ مارچ اور احتجاج کے خلاف دائر شہری کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کے پاس اسلام آباد کی سڑکیں اور شاہراہیں بند کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کے بعد فیصلہ جاری کیا۔ عدالت عالیہ نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہدایت کی ہے کہ سیاسی احتجاج میں کسی بھی قسم کے سرکاری فنڈز، گاڑیوں، یا مشینری کے استعمال کو سخت تدابیر کے ساتھ روکا جائے اور کسی سرکاری ملازم کو احتجاج میں شرکت پر مجبور نہ کیا جائے۔

عدالت نے وفاقی وزارتِ داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ کو شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور آئینی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دیا، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا۔