یومِ فضائیہ پر صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: ملک بھر میں 7 ستمبر کی مناسبت سے یومِ فضائیہ روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور شہدا کو ان کی بے مثال شجاعت اور پیشہ ورانہ برتری پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور غلبے کا لوہا منوایا ہے اور تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کے خلاف عزم و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ستمبر 1965 کے فضائی معرکے سے لے کر حال ہی میں مئی 2025 کے معرکہِ حق تک، پاک فضائیہ نے افواجِ پاکستان کی دیگر سروسز کے ساتھ بہترین ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست فاش دی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہیروز کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی جرات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ چند منٹوں میں دشمن کے 5 طیارے تباہ کرنا ہماری فضائی تاریخ کا سنہرا باب ہے۔

دوسری جانب یومِ فضائیہ کی مناسبت سے کراچی میں نشانِ حیدر پانے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ اس موقع پر ترجمان پاک فضائیہ نے ایک نیا جذباتی قومی نغمہ بھی جاری کیا جو شاہینوں کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتا ہے۔