یومِ دفاع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کا شہداء کو خراجِ عقیدت، جارحیت کے منہ توڑ جواب کا عزم
راولپنڈی: 61ویں یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا سمیت مسلح افواج نے ملک کے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، بہادری اور غیر متزلزل عزم کی لازوال علامت ہے جو 1965ء کی جنگ کے اس جذبے کی یاد دلاتا ہے جب پوری قوم اور سرحدوں کے محافظ دشمن کے خلاف ایک ہو کر کھڑے ہوئے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ میدانِ جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں دی جانے والی شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ غازیوں کا جذبہ اور شہداء کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا اصل سرچشمہ ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور پرامن بقائے باہمی کا خواہا ں ہے، تاہم امن کے اس عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی ایڈونچر یا جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

