یومِ دفاعِ پاکستان: ٹاپ سٹی ون کی عظیم الشان موٹر ریلی، شہریوں کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

یومِ دفاع پاکستان: ٹاپ سٹی ون کے زیرِ اہتمام عظیم الشان موٹر ریلی، شہریوں کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

اسلام آباد میں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر وطنِ عزیز کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ٹاپ سٹی ون کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان موٹر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، نوجوانوں، خاندانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

موٹر ریلی کا باقاعدہ آغاز 6 ستمبر کو صبح 11 بجے ٹاپ سٹی ون سے ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ اور مقررہ روٹ کے مطابق ریلی سری نگر ہائی وے سے ہوتی ہوئی ایف ٹین پہنچی، جہاں سے شرکاء فاطمہ جناح پارک کی جانب روانہ ہوئے۔ ریلی اپنے مقررہ روٹ سے گزرنے کے بعد ایف نائن فاطمہ جناح پارک میں اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں سینکڑوں گاڑیاں شریک ہوئیں جنہیں قومی پرچموں، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والے بینرز اور قومی جذبے کی عکاسی کرنے والے پلے کارڈز سے سجایا گیا تھا۔ شرکاء نے قومی پرچم تھامے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مادرِ وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ریلی کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر اور قومی جذبے سے مزین بینرز بھی نمایاں رہے۔ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور پاک فوج سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔

ریلی میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر ہمیں 1965 کی جنگ کے ان عظیم شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں اور آرام و سکون کی قربانی دی۔ یومِ دفاع صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، عزم، حب الوطنی اور وطن سے وفاداری کی تجدید کا دن بھی ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہے، قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ریلی کے اختتام پر بریگیڈیئر ریٹائرڈ امجد جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے لیے اس کی جان سب سے قیمتی چیز ہوتی ہے، تاہم پاک فوج کے جوان ملک و قوم کے لیے بغیر کسی خوف کے اپنی جان داؤ پر لگا کر شہادت کا رتبہ حاصل کرتے ہیں۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ امجد جان کا کہنا تھا کہ مضبوط دفاع ہی ملک کی سلامتی، استحکام اور معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور ان کے جذبۂ حب الوطنی کو نئی نسل تک منتقل کرنا چاہیے۔

ٹاپ سٹی ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنور معیز خان نے ریلی میں بھرپور شرکت کرنے والے شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے پیغام میں کنور معیز خان نے دفاعِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر ایسی تقریبات کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنا اور شہداء و غازیوں کی لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پوری قوم متحد ہے اور قوم اپنے بہادر شہداء، غازیوں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

یومِ دفاع کے موقع پر ٹاپ سٹی ون کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اس عظیم الشان موٹر ریلی نے اسلام آباد میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کا پُروقار منظر پیش کیا۔ ریلی کے شرکاء نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ویڈیو دیکھیں 👇🏼