دبئی: ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2026ء کے اہم مقابلے میں بھارتی ویمنز ٹیم نے روایتی حریف پاکستان کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔ قومی ٹیم کا اپنے 200ویں ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں آغاز ہی شدید مشکلات کا شکار رہا، 27 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد پوری ٹیم 18.1 اوورز میں صرف 55 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کا کم ترین اسکور ہے۔ شوال ذوالفقار 14 اور منیبہ علی 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ کپتان فاطمہ ثنا سمیت 4 بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ بھارت کی جانب سے پریما راوت اور شری چرانی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارت نے 56 رنز کا آسان ہدف 8.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارت کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور 18 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں کپتان فاطمہ ثنا نے حاصل کیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی گروپ اے میں بھارت کی برتری برقرار ہے۔

