لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال کو صوبے کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو کسی ہمسایہ ملک سے زیادہ ہمسایہ صوبوں کی سرحدی حدود سے آنے والی دہشت گردی کا خطرہ درپیش ہے، تاہم صوبے کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام سیکیورٹی کے لیے حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں اور سیکیورٹی تھریٹس سے نمٹنے کے لیے صوبائی سیکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کچے کا علاقہ دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا جہاں پاک فوج اور سندھ حکومت کی مدد سے حالات پر قابو پایا گیا ہے، جبکہ دیگر صوبوں کی سرحدوں سے آنے والے خطرات کی روک تھام کے لیے جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جدید انٹیلیجنس ہب تمام سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور منظم جرائم کے خاتمے کا اہم مرکز ثابت ہوگا۔ انہوں نے کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا اعادہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرپشن کم ہے، تاہم بدقسمتی سے یہ معاشرے میں سرایت کر چکی ہے اور جہاں بھی بدعنوانی پائی جائے گی وہاں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

