بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے بڑے آپریشنز؛ 72 گھنٹوں میں 48 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے 36 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، انٹیلی جنس کی معلومات کی بنیاد پر کوئٹہ کے علاقے شعبان، مستونگ، قلات اور سبی میں متعدداپریشنز کیے گئے۔ کوئٹہ میں خوارجیوں کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر 26 دہشت گردوں کو مار گرایا گیا، جبکہ مستونگ میں 6، قلات میں 2 اور سبی کے علاقے بھاگ میں 2 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا بارودی مواد، ہتھیار اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ رواں سال 2026 میں وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت صوبے بھر میں اب تک 1,188 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔