ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز کے مرکزی بینک ‘ڈی این بی’ (DNB) نے بڑھتی ہوئی عالمی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے پیش نظر ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے سونے کے ذخائر میں سے 86 ٹن سونا امریکا اور کینیڈا سے نکال کر برطانیہ منتقل کر دیا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق، نیویارک اور اوٹاوا کی نسبت لندن میں رکھے گئے سونے کی تجارت کسی بھی بحرانی صورتحال میں زیادہ آسانی اور تیزی سے کی جا سکتی ہے۔ اس اہم منتقلی کے بعد اب برطانیہ (لندن) میں نیدرلینڈز کا 32.1 فیصد سونا موجود ہے، جبکہ امریکا اور کینیڈا میں یہ تناسب کم ہو کر بالترتیب 18.5 فیصد رہ گیا ہے۔ 30.8 فیصد سونا نیدرلینڈز کے اپنے شہر زیسٹ میں محفوظ ہے۔
ڈی این بی کے صدر اولاف سلیپن نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد خطرات کو مختلف مقامات پر تقسیم کرنا اور کسی بھی غیر متوقع بحران سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔
واضح رہے کہ 2025 کے اختتام پر نیدرلینڈز کے پاس مجموعی طور پر 612.4 ٹن سونے کے ذخائر تھے، جن کی کل مالیت 72.2 ارب یورو بنتی ہے۔ یہ منتقلی جزوی طور پر خرید و فروخت اور سونے کی طبعی منتقلی کے ذریعے مکمل کی گئی ہے۔

