جان پر کھیل کر نومولود کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے تمغہ خدمت کا اعلان، وزیراعظم نے ایک کروڑ روپے کا چیک دے دیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے المناک سانحے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود بچے کی جان بچانے والی بہادر نرس رضیہ نورین سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال اور وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے رضیہ نورین کی جرات، غیر معمولی ہمت اور اعلیٰ فرض شناسی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ انہیں آئندہ 23 مارچ کو ‘تمغۂ خدمت’ سے نوازا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے قوم کی بیٹی کو 1 کروڑ روپے کا چیک پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا اور پوری قوم ان کی اس شاندار انسانی خدمت پر فخر کرتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نرس رضیہ نورین جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کے ذکر پر آبدیدہ ہو گئیں اور کہا کہ ان کے سامنے اس دن قیامت کا منظر تھا، جن کے اثرات سے نکلنے میں سالوں لگیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انکیوبیٹرز میں موجود 15 بچوں میں سے وہ صرف 8 سیکنڈ میں ایک بچی کو باہر نکالنے میں کامیاب رہیں، مگر واپس جاتے ہی زور دار بلاسٹ ہو گیا اور دھواں پھیل گیا۔ نرس نے کہا کہ انہوں نے صرف اپنا فرض نبھایا ہے اور دیگر عملہ بھی تعریف کا مستحق ہے۔

