اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مؤثر ہے، امریکا ایران تنازع میں امن کی کوششیں جاری رکھیں گے؛ ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کو مردہ یا غیر مؤثر قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، امن کا فریم ورک بدستور موجود ہے اور پاکستان پرامید ہے کہ تمام فریقین بالآخر مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے۔
امریکا اور ایران کے مابین جاری کشیدگی اور مسلح کارروائیوں پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔ موجودہ کشیدگی تشویشناک ہے تاہم اسے پاکستان کی ثالثی کوششوں کی ناکامی نہیں کہا جا سکتا، پاکستان مکمل خلوص نیت کے ساتھ امن عمل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ترجمان دفترِ خارجہ نے زور دیا کہ بھارت کا ثالثی عدالت کے فیصلے کو مسترد کرنا اس کی قانونی ذمہ داریوں کو ختم نہیں کر سکتا۔ بھارت کا یکطرفہ طرزِ عمل بین الاقوامی قوانین اور مشترکہ آبی وسائل کے انتظام پر عالمی اعتماد کو مجروح کرتا ہے، لہٰذا بھارت کو معاہدے کی مکمل پاسداری کی جانب لوٹنا ہوگا۔
علاوہ ازیں، انہوں نے حریت رہنما یاسین ملک کے خلاف بھارتی مقدمات اور سزا کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کیا اور کہا کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی اور کثیرالجہتی فورمز پر اٹھاتا رہے گا۔

