کراچی میں پاک بحریہ کی بڑی جنگی مشق ‘سی اسپارک 2026’ کا آغاز؛ تمام مسلح افواج کی شرکت

کراچی: ابھرتے ہوئے بحری خطرات سے نمٹنے اور درپیش چیلنجز کے خلاف آپریشنل تیاریوں کا جائز لینے کے لیے پاک بحریہ کی سب سے بڑی اور اہم جنگی مشق ’سی اسپارک 2026‘ کا کراچی میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس مشق کا بنیادی مقصد ملٹی ڈومین (کثیر الجہتی) آپریشنز کی مشق کرنا ہے، جس کے تحت سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ معلوماتی جنگ (انفارمیشن وارفیئر) پر برتری حاصل کرنے کی صلاحیتوں کو مربوط کیا جا رہا ہے۔

مشق میں پاک بحریہ کے بحری جہاز، جدید آبدوزیں، طیارے، بغیر پائلٹ ڈرون سسٹمز، میرینز اور اسپیشل فورسز حصہ لے رہی ہیں، جبکہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے دستے بھی مشترکہ طور پر شامل ہیں۔ نیول چیف نے پی این فلیٹ یونٹس کا دورہ کرتے ہوئے جاری آپریشنز کا جائزہ لیا اور کہا کہ موجودہ سیکیورٹی ماحول غیر متزلزل تیاری اور تمام سروسز کے درمیان بہترین انضمام و تعاون کا تقاضا کرتا ہے۔