راولپنڈی: جڑواں شہروں میں طوفانی بارش اور بادل پھٹنے جیسے مناظر کے باعث شدید اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر ملٹری اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور واسا کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں سب سے زیادہ 194 ملی میٹر جبکہ اسلام آباد کے ایچ-8 میں 150 ملی میٹر اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 29 فٹ اور گوالمنڈی میں 24 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد اطراف کی آبادیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹرپل ون (111) بریگیڈ اور پاک فوج کو گوالمنڈی اور نالہ لئی کے حساس علاقوں میں تعینات کر دیا ہے۔
شدید بارش کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد کے متعدد سکولوں میں آن لائن کلاسز کا انتظام کیا گیا۔ اسلام آباد ایکسپریس وے، مری روڈ اور ای الیون سمیت کئی سڑکیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے اور پانی گھروں و بیسمنٹس میں داخل ہو گیا۔
حادثات کے نتیجے میں سیکٹر جی-14 میں چھت گرنے سے ایک شخص اور آریہ محلہ راولپنڈی میں گھر میں پانی کے ساتھ کرنٹ پھیلنے سے 50 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ انتظامیہ اضافی ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے نکاسی آب اور متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

