پانی کو سیاسی ہتھیار بنانا ناقابل قبول ہے: وزیراعظم شہباز شریف کا ایس سی او اجلاس سے خطاب

بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پانی خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، اسے سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے عالمی معاہدوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کی صدارت "تصور کو عمل میں بدلنا، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی” کے وژن کے تحت سنبھال رہا ہے۔

پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران توانائی، آئی ٹی، صحت، ثقافت، اور مصنوعی ذہانت (AI) کی گورننس کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ سی پیک کو علاقائی معیشتوں کو بحیرہ عرب سے جوڑنے کا بنیادی ذریعہ قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ملک نے 90 ہزار سے زائد جانیں اور 150 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، انہوں نے غزہ میں جاری انسانی المیے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کا اعادہ کیا اور مکہ دفاعی معاہدے کو علاقائی امن کا ذریعہ قرار دیا۔