ایران سے روابط پر چینی بینکوں پر بھی پابندیاں لگا سکتے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا عندیہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ان کی انتظامیہ ایران کے ساتھ تجارتی روابط اور مالیاتی لین دین رکھنے والے چینی بینکوں پر سخت پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ایران سے متعلق ادائیگیوں کی پراسیسنگ پر چینی بینکوں کو نشانہ بنائیں گے، تو انہوں نے کہا کہ "کس نے کہا کہ میں ایسا نہیں کر رہا؟ مجھے اپنے ہر قدم کا پہلے سے اعلان تو نہیں کرنا۔”

واضح رہے کہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور چینی بینک ایران سے خام تیل کی خریداری اور دیگر تجارتی ادائیگیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ پہلے بھی ایرانی فوج اور حکومت کی معاونت پر چین کی متعدد کمپنیوں پر پابندیاں لگا چکا ہے، تاہم اگر اس بار بڑے چینی بینکوں کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا تو اس سے ایران کو عالمی مالیاتی نظام سے الگ تھلگ کرنے کی واشنگٹن کی کوششوں میں شدت آنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔