برطانیہ کے 3 بڑے ائیرپورٹس پر سائبر حملہ، 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا لیک، تاوان دینے سے انکار

لندن: برطانیہ کے تین بڑے ہوائی اڈوں مانچسٹر، لندن اسٹینسٹڈ اور ایسٹ مڈلینڈز پر ایک بڑا سائبر حملہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 87 لاکھ (8.7 ملین) صارفین کی ذاتی معلومات ہیکرز کے ہاتھ لگ گئی ہیں۔

تینوں ائیرپورٹس کی مالک کمپنی ‘مانچسٹر ائیرپورٹس گروپ’ (MAG) کے مطابق ہیکرز نے مسافروں کے ای میل ایڈریسز، فون نمبرز، گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز، پوسٹ کوڈز اور وائی فائی سائن اپس کی تفصیلات تک غیر مجاز رسائی حاصل کی۔ ہیکرز کی جانب سے چوری شدہ ڈیٹا کے بدلے تاوان کا مطالبہ بھی کیا گیا، تاہم گروپ نے کسی بھی قسم کی رقم ادا کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ سائبر حملے کے باوجود ایوی ایشن سکیورٹی یا مسافروں کے سفر پر کوئی اثر نہیں پڑا، جبکہ متاثرہ سسٹم میں بینک یا کریڈٹ کارڈ سے متعلق کوئی مالی تفصیلات موجود نہیں تھیں۔ انتظامیہ نے سائبر سکیورٹی ماہرین کے ساتھ مل کر مزید رسائی کو روک دیا ہے اور معاملے کی اطلاع متعلقہ برطانوی حکام کو دے دی ہے۔