ایران پر حملے بند نہیں کیے، ضرورت پڑی تو مزید فوجی کارروائی ہوگی: امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ

واشنگٹن: امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے واضح کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف فوجی حملے مکمل طور پر بند نہیں کیے اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو دوبارہ مسلح کارروائیاں کی جائیں گی۔

وسکونسن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول قائم ہو چکا ہے اور وہاں سے تیل کی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر عائد کی جانے والی امریکی معاشی پابندیاں انتہائی موثر ثابت ہو رہی ہیں اور تہران پر سب سے زیادہ دباؤ اسی معاشی ناکہ بندی کا ہے، لہٰذا ایران کے پاس اب صرف مذاکرات کی میز پر آنے کا ہی راستہ بچا ہے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے متعدد اتحادی اور دوست ممالک کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کے دوران آگاہ کیا ہے کہ فی الحال ایران پر مزید امریکی حملوں کا فوری امکان نہیں ہے۔ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ واشنگٹن فی الوقت فوجی کارروائیوں کے بجائے کڑی اقتصادی پابندیوں کی مہم اور دیگر ذرائع سے ایران پر دباؤ بڑھانے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔