ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں لیکن ہلاک نہیں ہوئے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای عسکری حملے میں جسم کے بائیں حصے پر شدید زخمی ہوئے ہیں تاہم وہ ہلاک نہیں ہوئے۔

قدامت پسند امریکی ریڈیو ہوسٹ گلین بیک کو دیے گئے ایک لائیو فون انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے جسم کا بایاں حصہ بشمول بازو اور ٹانگ شدید متاثر ہوئے ہیں، لیکن وہ زندہ ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایرانی سپریم لیڈر ہلاک ہو چکے ہیں تو ایرانی حکام ان کی موجودگی کا بہت اچھا ڈرامہ رچا رہے ہیں، کیونکہ مذاکرات کار ہر اہم معاملے پر حتمی منظوری کے لیے سپریم لیڈر کا ہی حوالہ دیتے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف امریکا کا عسکری اور معاشی دباؤ انتہائی موثر ثابت ہو رہا ہے اور امریکا جلد ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے والا ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آبنائے ہرمز سے تمام بحری سرنگیں صاف کر دی گئی ہیں اور اب وہاں سے تجارتی بحری جہازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر فعال ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے ایران پر اقتصادی پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔