راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف مؤثر اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور فورسز نے بارودی مواد کی مدد سے ان کا ٹھکانا تباہ کر دیا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خوارج کی نقل و حرکت پر کی گئی کارروائی میں مزید 5 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں کواڈ کاپٹر کی مدد سے فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ تمام آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں میں مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا اور یہ تمام آپریشنز ’عزمِ استحکام‘ ویژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیا ب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز اور پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

