ایران سے مذاکرات میں اہم پیشرفت، فیلڈ مارشل اور ایرانی صدر کی ملاقات مثبت رہی: محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے اعلیٰ ترین حکام سے مذاکرات کے دوران اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس سے خطے میں دیرپا اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہونے کی قوی امید پیدا ہو گئی ہے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے اہم بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ایرانی صدر کے ساتھ انتہائی مثبت، سازگار اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات کے دوران ایران امریکا تنازع اور مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے تحفظات اور مؤقف کو کھلے دل سے بیان کیا، جس پر دونوں جانب سے تعمیری ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق ملاقات میں ‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ (اسلام آباد ایم او یو) کی بحالی کے لیے عملی اقدامات اور تنازع کے جامع حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفارتی کاوشوں میں سامنے آنے والی یہ نئی پیشرفت ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ اور خطے کی کشیدگی کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔