اسلام آباد: عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور مسلسل بہتری کو سراہتے ہوئے ملک کی خودمختار (ساورن) کریڈٹ ریٹنگ ‘سی اے اے 1’ (Caa1) سے بڑھا کر ‘بی 3’ (B3) کر دی ہے جبکہ آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا ہے۔
موڈیز کی رپورٹ کے مطابق کریڈٹ ریٹنگ میں اپ گریڈیشن کی بنیادی وجوہات میں گورننس میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر کا مضبوط ہونا، مسلسل میکرواکنامک استحکام اور مقامی قرضوں پر سود کی لاگت میں کمی شامل ہیں۔
ایجنسی نے نوٹ کیا کہ مالیاتی اشاریوں اور بیرونی شعبے میں استحکام سے پاکستان کی غیر ملکی دھچکوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت مزید بہتر ہوئی ہے۔ تقریباً 12 ماہ کے عرصے میں موڈیز کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں یہ مسلسل دوسری بہتری ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کریڈٹ ریٹنگ میں ترقی کا خیرمقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ریٹنگ میں بہتری حکومتی معاشی پالیسیوں، مالیاتی اصلاحات اور نظم و ضبط پر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے اس کاوش پر نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خزانہ اور معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کو ایک خودکفیل اور مستحکم معیشت بنانے کا سفر جاری رہے گا۔

