سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے جہاں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں دل دہلا دینے والا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے عام شہریوں کی جیبوں پر اضافی بوجھ پڑ گیا ہے۔

مقامی دکانداروں اور تاجروں کے مطابق گزشتہ 14 دنوں کے دوران مختلف سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں 100 سے 150 روپے فی کلو تک کا بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ پھلوں کی پیٹیوں اور کارٹن کی قیمتیں 1,000 سے 2,000 روپے تک بڑھ چکی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کدو 150 کے بجائے 200 روپے، پھول گوبھی 150 سے بڑھ کر 220 روپے، بند گوبھی 250 روپے اور میتھی 400 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ اس کے علاوہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا جیسے پیاز 120 سے بڑھ کر 200 روپے، ٹماٹر 250 روپے اور شملہ مرچ 350 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

پھلوں کے نرخوں کا جائزہ لیا جائے تو آڑو کا 6 کلو کا کارٹن 950 روپے، سیب کی پیٹی 2 ہزار سے بڑھ کر 3 ہزار روپے، آم کی پیٹی 3 ہزار سے 5 ہزار روپے اور انگور کی پیٹی 4,500 سے بڑھ کر 5,000 روپے کی ہو چکی ہے۔ گرانفروشی اور مہنگائی پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں تھوک منڈیوں سے ہی مال انتہائی بلند قیمتوں پر مل رہا ہے جس کے باعث وہ پرچون سطح پر مہنگی اشیا بیچنے پر مجبور ہیں۔