یونیسکو نے 12 تاریخی مقامات کو عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کر لیا

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) نے پاکستان کی امیر تہذیب اور تاریخی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے ملک کے 12 مزید تاریخی و ثقافتی مقامات کو عالمی ورثے (ورلڈ ہیریٹیج) کی عارضی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

ان 12 نئے مقامات کی شمولیت کے بعد یونیسکو کی عارضی فہرست میں شامل پاکستانی سائٹس کی مجموعی تعداد 37 ہو گئی ہے۔ نئے شامل کیے گئے مقامات میں گندھارا آرٹ، بدھ مت ورثہ، مغلیہ دور کی تاریخی تعمیرات، صحرائی قلعے اور مقامي ثقافتی و قدرتی خطے نمایاں ہیں۔

خیبر پختونخوا سے ضلع چترال کی سحر انگیز وادیِ کیلاش سمیت 4 مقامات کو اس فہرست میں جگہ ملی ہے، جبکہ سندھ کے تاریخی صحرائی قلعے کوٹ ڈیجی، ناؤکوٹ اور عمرکوٹ قلعہ شامل کیے گئے ہیں۔ اسی طرح پنجاب سے پھروالہ قلعہ، روات قلعہ اور سلطان مقرب خان کا مقبرہ عارضی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔

ثقافتی ماہرین کے مطابق یونیسکو کی عارضی فہرست میں شمولیت کسی بھی مقام کو عالمی ورثے کا مستقل درجہ دلانے کی جانب پہلا اور اہم بنیادی قدم ہوتا ہے۔ اس پیش رفت سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر مثبت شناخت اجاگر ہوگی، ثقافتی سفارت کاری کو تقویت ملے گی اور ملک میں بین الاقوامی سیاحت اور مقامی معیشت کے فروغ میں مدد ملے گی۔