عمران خان کا طبی معائنہ ماہر ڈاکٹرز نے کیا، طبی رپورٹ خفیہ رہے گی، پمز کا اعلامیہ جاری

اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز اسپتال) انتظامیہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے علاج اور طبی معائنے کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

پمز انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر شفا انٹرنیشنل اسپتال کے دو ماہرین نے ان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ دیگر تمام طبی معائنے پمز کے متعلقہ ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل پینل نے انجام دیے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امراضِ چشم کی رپورٹ اور دیگر لیبارٹری تحویلات کے نتائج کو مدِنظر رکھتے ہوئے پمز کے ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے حتمی میڈیکل فٹنس رپورٹ تیار کر لی ہے۔ تاہم مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح احکامات و ہدایات کے پیش نظر اس طبی رپورٹ کے کانفیڈینشل مندرجات کو عوام یا میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عدالتی حکم کے تحت تمام طبی مراحل اور ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے معاملے پر سپریم کورٹ میں نظرثانی کی نئی درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔