لیڈز: انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ہیڈنگلے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ہوسٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 195 رنز کی مضبوط اور اہم برتری حاصل کر لی ہے۔
بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ میں تاخیر کے بعد انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ انگلش بیٹرز نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا، جس میں ہیری بروک 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
دیگر نمایاں بلے بازوں میں جارڈن کاکس نے 73، سابق کپتان جو روٹ نے 66 اور ڈین لارنس نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ دن کے اختتام پر جیمی اسمتھ 16 اور جوفرا آرچر بغیر کسی رن کے ناٹ آؤٹ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو ان کے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ ’فائیو وکٹ ہال‘ ہے۔ اس کارنامے کے ساتھ وہ انگلینڈ کی سرزمین پر کسی بھی ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر بن گئے۔ ان کے علاوہ محمد عباس، خرم شہزاد اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 171 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس کے جواب میں انگلش ٹیم میچ میں اپنی گرفت کافی مضبوط کر چکی ہے۔

