حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر سے اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 27 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے سے بڑھ کر 337 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 64 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے سے بڑھ کر 364 روپے 70 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 21 اگست 2026ء کے لیے ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے کی بڑی کمی کی تھی، تاہم حالیہ اضافے کے بعد عوام پر دوبارہ اضافی مالی بوجھ منتقل کر دیا گیا ہے۔