اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے سے زائد کی بڑی کمی کر دی ہے، تاہم پیٹرول کی قیمت میں مزید معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 20 اگست 2026ء کے لیے نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے 63 پیسے کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 69 پیسے سے کم ہو کر 363 روپے 06 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت نے آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کیے، جنہوں نے عوامی مفاد میں حکومت کی درخواست کو قبول کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگ اور تنازعات کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات پر دباؤ ہے، تاہم حکومت نے ٹیکسز میں گنجائش نکال کر اور ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو ڈیزل پر ریلیف فراہم کیا ہے۔

