ریاض: پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیا کے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کی ریٹائرمنٹ سے متعلق منصوبوں پر لب کشائی کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ موجودہ سیزن ممکنہ طور پر ان کا آخری سیزن ثابت ہو سکتا ہے۔
حال ہی میں اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کے بعد ایک انٹرویو میں 41 سالہ رونالڈو نے کہا کہ فٹبال کا کھیل ان کی زندگی کے 25 سالہ قربانیوں کا سفر رہا ہے اور وہ ایک شاندار اور یادگار ورثہ چھوڑ کر اس کھیل سے رخصت ہونا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فٹبال سے دوری کے بعد اپنے مستقبل کی مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے، جس میں وہ خاندان کو وقت دینے، سفر کرنے، پیڈل جیسے دیگر کھیل کھیلنے اور اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ 5 مرتبہ ‘بیلن ڈی اور’ اور 5 مرتبہ چیمپئنز لیگ جیتنے والے رونالڈو مینز انٹرنیشنل فٹبال کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ پرتگالی کپتان گزشتہ چار سال سے سعودی کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں ان کے معاہدے کا ایک سال باقی ہے۔
کیریئر کے 1000 گولز کا تاریخی سنگِ میل عبور کرنے سے محض 24 گول دور رونالڈو نے واضح کیا کہ آئندہ فیفا ورلڈ کپ اور اپنے مستقبل کے حتمی فیصلے وہ اپنے اہلخانہ سے مشاورت کے بعد پرسکون ذہن کے ساتھ کریں گے۔

