آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027: 10 ٹیموں کی براہِ راست رسائی، ویسٹ انڈین ٹیم مسلسل دوسری بار کوالیفائر کھیلے گی

دبئی: آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا نقشہ واضح ہو گیا ہے۔ مجموعی طور پر 14 ٹیموں کے فارمیٹ پر مشتمل اس عالمی کپ کے لیے میزبان ممالک اور آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی ٹاپ ٹیموں نے براہِ راست رسائی حاصل کر لی ہے، جبکہ دو بار کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم ایک بار پھر براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

30 ستمبر کی کٹ آف تاریخ کے مطابق رینکنگ کی ٹاپ 8 ٹیموں نے ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنا تھا۔ افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف سنسنی خیز کامیابی حاصل کر کے رینکنگ کے ٹاپ 8 میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

میزبان ممالک جنوبی افریقا اور زمبابوے کو میزبانی کے ناطے براہِ راست رسائی حاصل ہوئی ہے، جبکہ ان کے علاوہ درج ذیل 8 ٹیموں نے رینکنگ کی بنیاد پر اپنی جگہ یقینی بنائی ہے:

  • دفاعی چیمپئن آسٹریلیا
  • بھارت
  • پاکستان
  • نیوزی لینڈ
  • انگلینڈ
  • سری لنکا
  • بنگلادیش
  • افغانستان

دوسری جانب آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 10ویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم کٹ آف تاریخ سے قبل بھارت کے خلاف مقررہ دو ون ڈے میچز جیت کر بھی ٹاپ 8 میں جگہ نہیں بنا سکتی۔ اس کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز کو مسلسل دوسری مرتبہ کوالیفائر مرحلے میں شرکت کرنا پڑے گی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈین ٹیم 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

عالمی کپ کی باقی ماندہ 4 پوزیشنز کا فیصلہ 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک شیڈول 10 ٹیموں پر مشتمل ورلڈکپ کوالیفائر کے ذریعے ہوگا، جس میں ویسٹ انڈیز کے علاوہ کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 اور چیلنج لیگ کی کامیاب ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔