پیرس: پاکستان کے ابھرتے ہوئے ای اسپورٹس سٹار محمد زبیر نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ ‘ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026’ کا ٹیکن 8 (Tekken 8) کا عالمی ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
پیرس کے ‘ایکسپو پورٹ دے ورسائی’ میں 5 سے 8 اگست تک کھیلے گئے اس عالمی ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ گیمرز نے شرکت کی۔ محمد زبیر نے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے مایہ ناز کھلاڑی ‘لو ہائی’ (LowHigh) کو ایک طرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے آؤٹ کلاس کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فائنل میں محمد زبیر نے اپنے پسندیدہ گیمنگ کریکٹر ‘ڈریگنوو’ جبکہ ان کے مخالف کھلاڑی نے ‘برائن فیوری’ کا انتخاب کیا تھا۔ اس فتح کے ساتھ محمد زبیر کو 3 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 8 کروڑ 30 لاکھ پاکستانی روپے) سے زائد کی انعامی رقم اور کلب چیمپئن شپ کے 1 ہزار پوائنٹس ملے۔
محمد زبیر نے فائنل تک پہنچنے کے لیے سیمی فائنل میں اپنے ہی ہم وطن اور 8 بار کے عالمی ایوو (EVO) چیمپئن ارسلان ایش کو ایک سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد 4-5 سے شکست دی۔ ارسلان ایش بعد ازاں آسٹریلیا کے یگامی سے ہار کر چوتھی پوزیشن پر رہے۔
عالمی چیمپئن بننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے اپنی فتح کا راز سخت محنت، پاکستان میں مسلسل پریکٹس اور اپنے ایک خاص دوست کی رہنمائی و تعاون کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی تیاری پر مکمل اعتماد تھا اور وہ آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

