پی سی بی نے قومی کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز کے لیے این او سیز جاری

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متعدد قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک لیگز بالخصوص کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) اور انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کے لیے عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کر دیے ہیں۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ، آل راؤنڈر شاداب خان، عثمان خان، حسن نواز، حنین شاہ، معاذ صداقت، صاحبزادہ فرحان اور سفیان مقیم کو سی پی ایل (CPL) میں شرکت کے لیے اجازت نامے دیے گئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو 19 اگست سے 21 ستمبر تک کے لیے این او سی جاری کیے گئے ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث اور لیگ اسپنر اسامہ میر کو 7 اگست سے 21 ستمبر تک کے لیے سی پی ایل کے این او سیز ملے ہیں، جبکہ مسٹری اسپنر عثمان طارق 8 اگست سے 18 ستمبر تک لیگ کا حصہ بن سکیں گے۔

علاوہ ازیں، تجربہ کار اسپنر نعمان علی کو انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں ‘لنکاشائر’ کی نمائندگی کے لیے 27 ستمبر تک کا این او سی جاری کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے اس اقدام سے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل و ڈومیسٹک مصروفیات کے متوازن شیڈول کے تحت عالمی فرنچائز کرکٹ اور غیر ملکی کنڈیشنز میں کھیلنے اور تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔