لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار 39 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کاؤنٹی چیمپئن شپ کے رواں سیزن کے لیے معروف انگلش کلب لنکاشائر کی نمائندگی کریں گے۔
لنکاشائر کرکٹ کلب نے پاکستان کے تجربہ کار اسپنر کو کاؤنٹی چیمپئن شپ کے آخری چھ میچز کے لیے اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ نعمان علی کا کاؤنٹی کرکٹ میں یہ پہلا معاہدہ ہے اور وہ 20 اگست کو نارتھمپٹن شائر کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلیں گے۔
معاہدے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نعمان علی نے کہا کہ وہ اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پر کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے سابق قومی کپتان وسیم اکرم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم نے اس تاریخی کلب کے لیے طویل عرصے تک شاندار خدمات انجام دیں، اور وہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
لنکاشائر کے ڈائریکٹر مارک چلٹن نے نعمان علی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ریڈ بال کرکٹ میں شاندار ریکارڈ اور وسیع تجربہ ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ 2021 میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی 22 ٹیسٹ میچز میں 101 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

