کرکٹ آسٹریلیا کی کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز کے بجائے بگ بیش کو ترجیح دینے کی ہدایت

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کے لیے نئی پالیسی نافذ کرتے ہوئے تمام آسٹریلوی کرکٹرز کو غیر ملکی ٹی20 لیگز کے بجائے اپنی قومی لیگ ‘بگ بیش لیگ’ (BBL) کو ترجیح دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی کپتان مچل مارش اور میٹ شارٹ نے ساؤتھ افریقہ ٹی20 لیگ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ تاہم، کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ دونوں کھلاڑی اپنی بی بی ایل کی تمام تر ذمہ داریاں اور کمٹمنٹ مکمل کرنے کے بعد ہی ساؤتھ افریقہ لیگ کے لیے ریلیز کیے جائیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی پہلے اپنی قومی لیگ کھیلیں گے اور اس کے بعد دوسری لیگز میں شرکت کر سکیں گے۔

مچل مارش اور میٹ شارٹ پہلی مرتبہ ساؤتھ افریقہ ٹی20 لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ بی بی ایل 12 دسمبر سے 26 جنوری تک کھیلی جائے گی جبکہ ایس اے ٹی20 کا آغاز 17 جنوری سے ہو رہا ہے۔ دونوں کھلاڑی بی بی ایل کے مکمل ایڈیشن کے لیے دستیاب رہیں گے۔