میامی: فیفا نے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے عالمی کپ 2026 کے اختتام پر باضابطہ طور پر ‘ٹیم آف دی ٹورنامنٹ’ کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں شاندار اور مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل اس 4-3-3 فارمیشن الیون میں نئی عالمی چیمپئن اسپین کے سب سے زیادہ تین کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
اسپین کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے گولڈن بال کے فاتح اور مڈفیلڈر روڈری، دفاعی کھلاڑی مارک کوکوریلا اور پیڈرو پورو بہترین الیون کا حصہ بنے ہیں۔
فائنل میں شکست کھانے والی ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کو فارورڈ لائن اور لیسانڈرو مارٹینیز کو دفاع میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ فرانس کے کائلیان ایمباپے، مائیکل اولیسے اور ڈیوٹ اپامیکانو بھی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم کو مڈفیلڈ اور ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ کو مرکزی اسٹرائیکر کے طور پر چنا گیا ہے، جبکہ کیپ وردے کے گول کیپر ‘ووزینہا’ نے اپنی غیر معمولی گول کیپنگ کی بدولت گول کیپر کے منصب پر جگہ بنائی۔
علاوہ ازیں، فیفا کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی رینکنگ میں عالمی چیمپئن بننے کے بعد اسپین ایک درجہ ترقی کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ ارجنٹائن دوسرے، فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ورلڈ کپ میں تاریخی پیش رفت دکھانے والی ناروے کی ٹیم 12 درجے کی لمبی چھلانگ لگا کر 19 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

