قومی ٹیم مئی 2027 میں 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی مینز کرکٹ ٹیم کے مئی 2027 میں دورہِ انگلینڈ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

اس دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے انٹرنیشنل (ODI) میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جو اکتوبر اور نومبر 2027 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگی۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا ون ڈے 15 مئی 2027 کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے 19 مئی کو مانچسٹر، تیسرا 21 مئی کو لیڈز، چوتھا 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ اور پانچواں و آخری ایک روزہ میچ 26 مئی کو کارڈف کے میدان میں منعقد ہوگا۔

موجودہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر فائز ہے۔

پاکستان نے اس سے قبل آخری بار 2021 میں انگلینڈ کا دورہ کر کے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی تھی۔

پی سی بی کے مطابق یہ سیریز دونوں ٹیموں کو میگا ایونٹ سے قبل اپنی آپریشنل کمبی نیشن اور تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔