16 برس بعد اسپین نے دوبارہ ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا؛ فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل معرکے میں اسپین نے سنسنی خیز اور تاریخی مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر 16 برس بعد دوسری بار ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔

نیوجرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن میچ کے مقررہ 90 منٹ تک دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا مگر کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔

کھیل کا فیصلہ بالآخر اضافی وقت کے دوسرے ہاف کے 106 ویں منٹ میں ہوا جب اسپین کے اسٹار کھلاڑی فیران ٹوریس نے نیکو ولیمز کی پاس پر شاندار اور زوردار شاٹ لگا کر گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو تاریخی اور فیصلہ کن برتری دلا دی۔

میچ کا مقررہ وقت ارجنٹینا کے لیے خاصا سخت ثابت ہوا۔ ارجنٹینا کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو خطرناک ٹیکل پر دوسرا پیلا کارڈ ملنے کے باعث ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کی وجہ سے دفاعی چیمپئن ٹیم بقیہ وقت 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہو گئی۔

اس میچ میں ارجنٹینا نے ایک ناپسندیدہ اور منفی تاریخ بھی رقم کی؛ وہ ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ کی پہلی ایسی ٹیم بن گئی جو مقررہ 90 منٹ کے دوران حریف کے گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی، جبکہ اسپین نے گول کی جانب مجموعی طور پر 15 شاٹس داغے۔

ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی، جن کا یہ ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ تھا، فائنل میں اپنا جادو نہ جگا سکے اور ٹیم کو مسلسل دوسری بار چیمپئن بنانے کا خواب پورا نہ کر سکے۔

فائنل میچ کی اختتامی تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی شرکت کی اور فیفا صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ فاتح ٹیم کو ٹرافی، میڈلز اور فیفا کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کو خصوصی ‘چیمپئن شپ انگوٹھیاں’ بھی پیش کیں۔

ٹورنامنٹ کی اہم انفرادی ٹرافیوں کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:

  • گولڈن بال (بہترین کھلاڑی): اسپین کے کپتان اور مڈفیلڈر روڈری (Rodri) کو دیا گیا، جبکہ لیونل میسی نے سلور بال حاصل کیا۔
  • گولڈن بوٹ (سب سے زیادہ گولز): فرانس کے اسٹار کھلاڑی کلیان ایم باپے نے 10 گول اسکور کر کے دوسری بار یہ اعزاز جیت کر تاریخ رقم کی (میسی 8 گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے)۔
  • بہترین گول کیپر: اسپین کے انائی سائمن (Unai Simón) نے اپنے نام کیا۔
  • ینگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ: اسپین کے نوجوان کھلاڑی پال کوبارسی (Pau Cubarsí) کے نام رہا۔

اس فتح کے ساتھ اسپین نے ایک نادر اور تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا؛ وہ مردوں اور خواتین (2023) دونوں کے فیفا ورلڈ کپ ٹائٹلز بیک وقت اپنے پاس رکھنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

مزید برآں، اسپین پورے ٹورنامنٹ کے 8 میچوں میں محض ایک گول دے کر کے ورلڈ کپ جیتنے والی تاریخ کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔