فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فاتح کو روایتی ٹرافی کے ساتھ خصوصی ‘چیمپئن شپ رنگز’ بھی ملیں گی

نیویارک: فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے فاتح کے لیے ایک تاریخی اور اچھوتے اعزاز کا اعلان کیا ہے۔

ملکی اور عالمی فٹبال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو روایتی سنہری ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ ساتھ خصوصی "چیمپئن شپ رنگز” بھی پیش کی جائیں گی۔

امریکی کھیلوں کی روایات سے میل کھاتی اس پیش رفت کے تحت ٹورنامنٹ کے سال کی مناسبت سے کل 2026 رنگز تیار کی جائیں گی۔

ان میں سے 30 انگوٹھیاں عالمی چیمپئن بننے والی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مخصوص ہوں گی، جبکہ باقی 1996 انگوٹھیاں دنیا بھر کے شائقینِ فٹبال کے لیے آفیشل لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی۔

فیفا کے اعلامیے کے مطابق، ہر رنگ کے ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا خوبصورت ڈیزائن ابھرا ہوگا جبکہ دوسری جانب فاتح ٹیم کی شناخت اور مخصوص کندہ کاری کی جائے گی۔

یہ تمام انگوٹھیاں منفرد نمبر، سرٹیفکیٹ آف آتھنٹیسٹی اور متعلقہ کھلاڑیوں کے مخصوص سائز کے مطابق تیار ہوں گی۔

فائنل میچ کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی رنگز پہنائی جائیں گی، جبکہ کھلاڑیوں کے لیے تیار کردہ تمام 30 مستقل انگوٹھیاں بعد میں ایک خصوصی باضابطہ تقریب میں پیش کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا یہ تاریخی فائنل معرکہ 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا، جس میں ارجنٹینا ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ فاؤلز کرنے والی ٹیم کے طور پر سامنے آئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس فائنل میچ میں خصوصی شرکت کریں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے اس سے قبل ٹورنامنٹ کا کوئی میچ یا امریکی ٹیم کے مقابلے نہیں دیکھے ہیں۔

ٹرمپ اور فیفا صدر جیانی انفانٹینو کے قریبی روابط پہلے ہی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں، خاص طور پر امریکی فارورڈ فولارن بالوگن کے ریڈ کارڈ پر نظرثانی کے متنازع معاملے کے بعد جس پر ٹورنامنٹ کی شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔