چیمپئنز ٹرافی فائنل پر 5 ہزار کروڑ کا جوا، بھارتی میڈیا کا بڑا انکشاف

بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے فائنل پر 5 ہزار کروڑ بھارتی روپے کا جوا کھیلا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل بکیز نے بھارت کو فیورٹ قرار دیا ہے، جبکہ انڈر ورلڈ گروپ "ڈی کمپنی” سمیت کئی بڑے نیٹ ورکس اس سٹے بازی میں ملوث ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران 5 بڑے بکیز کو گرفتار کرلیا ہے، جو سیمی فائنل پر شرطیں لگا رہے تھے۔ گرفتار ہونے والے بکیز میں پروین کوچر اور سنجے کمار شامل ہیں، جو ایک مکان کرایے پر لے کر آن لائن جوا چلا رہے تھے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ پورا نیٹ ورک دبئی سے کنٹرول ہو رہا ہے۔

پولیس نے گرفتار افراد سے الیکٹرانک ڈیوائسز، لیپ ٹاپ، لاکھوں روپے نقد اور دیگر شواہد برآمد کیے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے پورے ٹورنامنٹ کے میچز دبئی میں کھیلے اور سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا، جبکہ نیوزی لینڈ نے لاہور میں جنوبی افریقہ کو ہرایا تھا۔