فیفا ورلڈکپ 2026؛ فرانس نے مراکش کا جادو توڑ دیا، 0-2 سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار سیمی فائنل میں رسائی

بوسٹن: فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے سنسنی خیز پہلے کوارٹر فائنل معرکے میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

اس فتح کے ساتھ ہی فرانس رواں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج میچ کے آغاز سے ہی فرانسیسی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور مراکش کے گول پر مسلسل خطرناک حملے کیے۔

کھیل کے پہلے ہاف میں فرانس کو اس وقت گول کرنے کا سنہری موقع ملا جب کپتان کیلیان ایمباپے کو ڈی ایریا میں گرانے پر پنالٹی دی گئی، تاہم مراکش کے گول کیپر نے شاندار عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمباپے کی ہٹ کو باآسانی روک کر فرانس کو برتری سے محروم رکھا، جس کے باعث پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں فرانسیسی فارورڈز نے مراکشی دفاع کو یکسر مفلوج کر دیا۔ کھیل کے 60ویں منٹ میں اسٹار اسٹرائیکر اور کپتان کیلیان ایمباپے نے خوبصورت فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔

مراکشی ٹیم ابھی سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ محض 6 منٹ بعد یعنی 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے ایک اور شاندار گول داغ کر فرانس کی برتری کو 0-2 کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔

مراکش کو کھیل میں واپسی کے چند یقینی مواقع ملے، بشمول 82ویں منٹ میں ملنے والی فری کک، لیکن فرانسیسی گول کیپر نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ان کے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

مراکش کا یادگار عالمی سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہو گیا ہے، اور اب سیمی فائنل میں فرانس کا مقابلہ اسپین اور بیلجیم کے درمیان ہونے والے دوسرے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

میچ میں شاندار گول اسکور کرنے کے بعد فرانسیسی کپتان کیلیان ایمباپے نے فٹبال کی تاریخ کا ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔

رواں ورلڈکپ 2026 میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 8 ہو گئی ہے، جس کے بعد وہ فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں دو مختلف ایڈیشنز میں 8، 8 گول اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے قطر میں منعقدہ فیفا ورلڈکپ 2022 میں بھی مجموعی طور پر 8 گول داغے تھے۔