فیفا ورلڈ کپ 2026؛ انگلینڈ کی میزبان میکسیکو کو تاریخی شکست، کوارٹر فائنل میں ناروے سے ٹکراؤ ہوگا

میکسیکو سٹی: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل کے ایک انتہائی سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

میکسیکو کے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ شدید بارش اور طوفان کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، لیکن جب کھیل کا آغاز ہوا تو دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا۔

انگلینڈ کے اسٹار مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل صرف 98 سیکنڈ کے حیران کن وقفے میں دو شاندار گول اسکور کر کے انگلینڈ کو مضبوط برتری دلائی۔

اگرچہ میکسیکو کے جولین کوئنونیس نے ہاف ٹائم سے پہلے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں، لیکن انگلش ٹیم نے کھیل پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔

دوسرے ہاف کے 54ویں منٹ میں میچ اس وقت ڈرامائی رخ اختیار کر گیا جب ریفری نے انگلینڈ کے کھلاڑی جیرل کوانسا کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔

صرف 10 کھلاڑیوں کے رہ جانے کے بعد میزبان میکسیکو نے انگلینڈ پر شدید دباؤ بڑھایا، تاہم انگلش گول کیپر جارڈن پِکفورڈ نے کئی یقینی گول بچا کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔

کھیل کے اگلے مرحلے میں انتھونی گورڈن پر فاؤل کے نتیجے میں انگلینڈ کو پنالٹی کک ملی، جس پر کپتان ہیری کین نے شاندار گول کر کے اسکور 1-3 کر دیا۔

میچ کے اختتامی منٹوں میں کپتان ہیری کین کی ایک دفاعی غلطی کے باعث میکسیکو کو بھی پنالٹی کک مل گئی، جس پر راؤل خیمنیز نے گول کر کے فاصلہ کم کر کے 2-3 کر دیا۔

اس گول کے بعد ہوم گراؤنڈ پر میکسیکو کے کھلاڑیوں نے برابر کرنے کے لیے طوفانی حملے کیے، لیکن انگلینڈ کے کوچ تھامس ٹوچل نے دفاع مضبوط کرنے کے لیے اہم تبدیلیاں کیں اور ٹیم نے 11 منٹ کے طویل اور کٹھن اضافی وقت کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے یادگار فتح حاصل کر لی۔

اس فتح کے بعد اب کوارٹر فائنل راؤنڈ میں انگلینڈ کا مقابلہ ناروے سے ہوگا، جس نے پہلے پری کوارٹر فائنل میں پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے ہرا کر باہر کیا ہے۔

شائقینِ فٹبال اب کوارٹر فائنل میں ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ کے درمیان ایک اور سنسنی خیز ٹکراؤ دیکھنے کے منتظر ہیں۔