شندور پولو فیسٹیول 2026: گلگت بلتستان نے چترال کو 13 سال بعد شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

دنیا کے بلند ترین اور تاریخی پولو گراؤنڈ شندور میں کھیلے گئے شندور پولو فیسٹیول 2026 کا فائنل مقابلہ گلگت بلتستان کی ٹیم نے اپنے نام کر لیا ہے۔ ایک انتہائی سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد گلگت بلتستان نے روایتی حریف چترال کو 5 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر پولو فیسٹیول کا شاندار ٹائٹل جیت لیا۔

اس تاریخی فتح کے ساتھ ہی گلگت بلتستان نے پورے 13 سال بعد چترال کو اس اہم ترین میدان میں شکست دے کر ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ فائنل میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

کھیل کے پہلے ہاف میں چترال کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا اور انہیں گلگت بلتستان کے 4 گول کے مقابلے میں 5 گول کی واضح برتری حاصل تھی، تاہم دوسرے ہاف میں گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھایا اور یکے بعد دیگرے گول اسکور کر کے فتح اپنے نام کر لی۔

شندور پولو فیسٹیول کے فائنل میچ اور اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر الیون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تھے، جنہوں نے روایتی انداز میں گیند پھینک کر فائنل میچ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل راؤ عمران، کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس کرنل ارسلان، کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد، سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا سعادت حسن، ڈی جی ٹورازم اتھارٹی شاہد خان اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران سمیت متعدد اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی فائنل میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں موجود تھے۔

اس سال پولو فیسٹیول کا شاندار انعقاد پاک فوج، خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، چترال اسکاؤٹس اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ تعاون سے ممکن بنایا گیا۔

تاریخی شندور پولو فیسٹیول کے فائنل کو دیکھنے کے لیے پاکستان بھر کے علاوہ دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور شائقین نے شرکت کی اور شندور کے دلکش موسم اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور اس سنسنی خیز مقابلے سے خوب لطف اٹھایا۔

فائنل میچ کا وقت ختم ہوتے ہی گراؤنڈ میں موجود گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں اور مداحوں نے روایتی رقص کر کے فتح کا بھرپور جشن منایا۔ پولو کے اس روایتی کھیل نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ شندور میلہ نہ صرف کھیلوں بلکہ پاکستان کی خوبصورت ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے دنیا بھر میں ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔