چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو آئی پی ایل فائنل اور آئی سی سی میٹنگ کا دعوت نامہ موصول

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو بھارت میں ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ میٹنگ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل کا باضابطہ دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئی پی ایل کا فائنل میچ 31 مئی کو بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے چیئرمین پی سی بی کو مدعو کیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے یہ دعوت نامہ حتمی مشاورت اور اجازت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سیاسی و سفارتی تناظر اور بھارتی وزارتِ کھیل کے اس حالیہ بیان کے بعد کہ "دو طرفہ اسپورٹس مقابلوں کے لیے بھارتی ٹیمیں پاکستان نہیں جائیں گی”، چیئرمین پی سی بی کے بھارت جانے یا نہ جانے کا آخری اور حتمی فیصلہ وزیراعظم پاکستان ہی کریں گے۔

موجودہ صورتحال میں محسن نقوی کی احمد آباد روانگی کو غیر متوقع بھی تصور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی کے اہم اجلاس رواں ماہ دو مرحلوں میں منعقد ہو رہے ہیں۔ پہلا اجلاس چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا 21 مئی کو آن لائن (ورچوئل) ہوگا، جبکہ دوسرا اہم ترین آئی سی سی بورڈ اجلاس 30 اور 31 مئی کو احمد آباد میں آئی پی ایل فائنل کے موقع پر شیڈول ہے۔

اس بورڈ میٹنگ میں کرکٹ کے عالمی ڈھانچے اور خصوصاً ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (WTC) کے فارمیٹ میں ممکنہ بڑی تبدیلیوں پر غور کیا جائے گا۔

موجودہ نظام کے تحت ہر ٹیسٹ سیریز میں کم از کم دو میچز کھیلنا لازمی ہے، تاہم اب اس فارمیٹ کو مزید بہتر بنانے اور اس میں زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان جیسی ٹیموں کو بھی شامل کرنے کی تجویز زیرِ غور آئے گی۔

اس اہم ترین بیٹھک میں پاکستان کی نمائندگی محسن نقوی نے کرنی ہے، تاہم اب سب کی نظریں وزیراعظم ہاؤس کے فیصلے پر ٹکی ہیں۔