فیفا ورلڈ کپ 2026: ایرانی ٹیم کی روانگی سے قبل تہران میں بڑا اجتماع

تہران: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے ایرانی قومی فٹبال ٹیم کی روانگی میں صرف ایک ہفتہ باقی ہے، جس کے سلسلے میں دارالحکومت تہران کے تاریخی انقلاب اسکوائر پر ایک عظیم الشان اجتماع منعقد کیا گیا۔

اس الوداعی تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے شرکت کی اور ٹیم کے حق میں بھرپور نعرے لگاتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعائیں کیں۔

روانگی سے قبل ایرانی فٹبال ٹیم نے صدر مسعود پزشکیان سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے صدر کو 12 نمبر کی یادگاری ٹی شرٹ پیش کی۔

صدر پزشکیان نے ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میدان میں اپنی پوری توانائیاں ایران کی عظمت کے لیے صرف کریں، کیونکہ پوری قوم ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ کے میدان میں ایرانی اتحاد اور فخر کی علامت بن کر ابھرے گی۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن نے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی نئی ہوم کٹ بھی متعارف کرا دی ہے، جسے مقامی برانڈ نے تیار کیا ہے۔ اس سفید جرسی کی خاص بات جرسی پر موجود ایشیائی چیتے کا واٹرمارک اور آستینوں پر ایرانی پرچم کے رنگ ہیں، جو کھلاڑیوں کے عزم اور قومی شناخت کو ظاہر کرتے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، قومی ٹیم پیر کے روز ترکیہ روانہ ہوگی جہاں انطالیہ میں پری ورلڈ کپ تربیتی کیمپ لگایا جائے گا اور ٹیم دو دوستانہ میچز بھی کھیلے گی۔

یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہو رہا ہے۔ ایران کو گروپ جی میں بیلجیم، مصر اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ایرانی ٹیم اپنا پہلا میچ 16 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔