میرپور ٹیسٹ: بنگلا دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے ہرا دیا؛ 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت

ڈھاکا: بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو 104 رنز سے عبرت ناک شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں محض 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کھیل کے آخری روز بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شانتو 87 اور مومن الحق 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی اور نعمان علی نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس اننگز کے دوران نعمان علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں اور اہم ریکارڈز اپنے نام کیے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 3 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی۔ ڈیبیو کرنے والے عبداللہ فضل نے 66 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بنگلا دیشی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا۔

سلمان علی آغا 26، سعود شکیل 15 اور محمد رضوان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شان مسعود اور امام الحق صرف 2، 2 رنز بنا سکے۔

بنگلا دیش کی جانب سے ناہید رانا نے تباہ کن باؤلینگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یاد رہے کہ بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 413 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے 386 رنز اسکور کیے تھے۔

پہلی اننگز کی معمولی برتری اور دوسری اننگز میں بہتر بلے بازی نے بنگلا دیش کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔