تمام خدشات ختم؛ ایران کی فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی تصدیق، میزبان ممالک کے سامنے 10 شرائط رکھ دیں
تہران: مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید سیاسی و عسکری کشیدگی کے باوجود ایرانی فٹ بال فیڈریشن نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی ٹیم ٹورنامنٹ میں ضرور حصہ لے گی، تاہم انہوں نے میزبان ممالک (امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو) کو ایران کے تحفظات دور کرنے پر زور دیا ہے۔
ایرانی حکام نے فیفا اور میزبان ممالک کے سامنے 10 اہم شرائط رکھی ہیں، جن میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بغیر کسی سیاسی رکاوٹ کے ویزوں کا اجراء، قومی پرچم و ترانے کا احترام اور ٹیم کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی شامل ہے۔
خاص طور پر ان کھلاڑیوں کے لیے ویزا یقین دہانی مانگی گئی ہے جن کا تعلق ماضی میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے رہا ہے، جن میں اسٹار کھلاڑی مہدی تریمی بھی شامل ہیں۔
فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ میچز کے مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور ایران کے میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکہ ہی میں ہوں گے۔
ایران کو گروپ جی میں نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ایرانی ٹیم اپنا پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 21 جون کو بیلجیئم (لاس اینجلس) اور 26 جون کو مصر (سیاٹل) کے مدمقابل ہوگی۔
ایران کی ٹیم اس وقت ترکیے میں ٹریننگ کے لیے روانگی کی تیاری کر رہی ہے تاکہ عالمی مقابلے سے قبل خود کو بھرپور طریقے سے تیار کر سکے۔

