فیفا ورلڈ کپ اور شکیرا کا جوڑ پھر برقرار؛ 2026 کے عالمی میلے کے لیے آفیشل گانے ‘ڈائے ڈائے’ کا ٹیزر جاری

لاس اینجلس: کولمبین سپرا سٹار شکیرا ایک بار پھر فٹبال کے سب سے بڑے عالمی میلے کی پہچان بننے کے لیے تیار ہیں۔

شکیرا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے نئے آفیشل گانے ‘ڈائے ڈائے’ (Die Die) کا ٹیزر سوشل میڈیا پر جاری کر دیا ہے، جس نے فٹبال شائقین اور موسیقی کے دلدادہ افراد میں جوش و خروش کی لہر دوڑا دی ہے۔

اس نئے گانے کو نائیجیریا کے معروف گلوکار برنا بوائے کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جس کی مکمل ویڈیو 14 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔

گانے کی شوٹنگ برازیل کے تاریخی ماراکانا اسٹیڈیم میں کی گئی ہے، جہاں ویڈیو میں مختلف ممالک کی ٹیموں کی جرسیوں کے رنگوں میں ملبوس ڈانسرز کو پرفارم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹیزر میں ماضی کے ورلڈ کپ بالز (2006، 2010 اور 2014) کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے، جو شکیرا کے فٹبال سے دیرینہ تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔

واضح رہے کہ شکیرا اس سے قبل 2010 کے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ میں ‘واکا واکا’ (Waka Waka) جیسا لازوال گانا دے چکی ہیں، جو آج بھی فٹبال کی تاریخ کا سب سے مقبول ترانہ مانا جاتا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میکسیکو سٹی میں جبکہ فائنل نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر مداحوں نے شکیرا کی اس واپسی کو ‘آئیکونک’ قرار دیتے ہوئے اسے ورلڈ کپ کی اصل روح قرار دیا ہے۔