پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی؛ "ہم یہاں بدلہ لینے نہیں، اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں”، شان مسعود
ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کی چمکتی دمکتی ٹرافی کی رونمائی میرپور ڈھاکہ میں کر دی گئی ہے۔
رونمائی کی تقریب میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں، شان مسعود اور لٹن داس نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور اس کا پہلا میچ کل صبح 9 بجے شروع ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے واضح کیا کہ ہم یہاں بدلہ لینے کے جذبے سے نہیں آئے، بلکہ ہمارا مقصد بہترین کرکٹ کھیلنا اور میچ جیتنا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ 2024 میں بنگلہ دیش نے پاکستان میں بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا، تاہم ہم کسی بھی حریف کو کمزور نہیں سمجھیں گے۔
بابر اعظم سے متعلق سوال پر شان مسعود نے انہیں پاکستان کا بہترین بلے باز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پی ایس ایل کی فارم کو ٹیسٹ میں بھی برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرین وکٹ ہمارے لیے کوئی نئی چیز نہیں ہے اور بولرز کا کردار 20 وکٹیں لینے کے لیے کلیدی ہوگا۔
دوسری جانب، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے لیکن ٹیم مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف صرف یہ سیریز جیتنا نہیں بلکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے۔
شاہین نے سابق کپتان سرفراز احمد کو کرکٹ کے لیے بہترین آپشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کو بہت اچھے سے سمجھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری سے ون ڈے اور ٹی 20 میں بھی خود بخود بہتری آئے گی۔

